ایوان صنعت و تجارت نے ایف سی سی آئی لائل پور انٹر نیشنل کبڈی ٹورنامنٹ دسمبر سے پہلے منعقد کرانے کا اعلان کردیا

ایوان صنعت و تجارت نے ایف سی سی آئی لائل پور انٹر نیشنل کبڈی ٹورنامنٹ دسمبر سے پہلے منعقد کرانے کا اعلان کردیا

ایوان صنعت و تجارت فیصل۱ٓباد نے ایف سی سی آئی لائل پور انٹر نیشنل کبڈی ٹورنامنٹ اس سال دسمبر سے پہلے منعقد کروانے کا اعلان کیاہے جبکہ پنجاب کے روایتی کھیل کبڈی کے فروغ کے لئے فیصل آبادشہر میں دو بین الاقوامی معیار کے کبڈی سٹیڈیم تعمیر کرنے کی تجویزبھی پیش کی ہے۔ چیمبر کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خان نے کبڈی بارے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ کبڈی کی قومی ٹیم کے نوے فیصد کھلاڑیوں کا تعلق فیصل آباد سے ہے لیکن بدقسمتی سے یہاں کبڈی کا بین الاقوامی معیار کا ایک بھی سٹیڈیم نہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پنجاب کے ایک روایتی کھیل کی سرپرستی کے لئے یہاں فوری طور پر2 سٹیڈیم تیار کرے تاکہ کبڈی کے کھلاڑیوں کی نرسری تیار کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ فیصل آباد چیمبر کا براہ راست تعلق صنعتی اور کاروباری سرگرمیوں تک محدود ہے لیکن اس نے ہمیشہ کھیلوں اور خاص طور پر کبڈی کے کھیل کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ چیمبر کی طرف سے کریسنٹ گرائونڈ میں کبڈی سٹیڈیم کی تعمیر کی تجویز تحریری طور پر حکومت کو بھیجیں گے تاکہ اس پر فوری عمل درآمد شروع کرایا جا سکے ۔ انہوں نے کبڈی کے کھلاڑیوں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کا بھی یقین دلایا۔ قبل ازیں قائمہ کمیٹی کے چیئرمین طیب گیلانی نے بتایا کہ فیصل آباد کے لئے اعزاز کی بات ہے کہ کبڈی ورلڈ کپ کی ٹیم کے سولہ میں سے بارہ کھلاڑیوں کا تعلق فیصل ۱ٓباد سے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دس سال قبل یہاں کبڈی کاایک سٹیڈیم تعمیر کیا گیا تھا مگر اس میں اتنی جگہ نہیں کہ یہاں بین الاقوامی یا لیگ میچ کرائے جا سکیں۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خان کی خدمات کو سراہا اور اُن سے درخواست کی کہ وہ بین الاقوامی معیار کے کبڈی سٹیڈیم تعمیر کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر کی ڈاکو منٹری میں کبڈی کا لوگو اور قومی کبڈی ٹیم کے کپتان کی تصویر کو بھی شامل کیا جائے۔

Related posts

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے